اسلام آباد (نمائندہ عکس)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا عوامی مارچ ایک گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے،کراچی سے لاہور تک جو عوامی حمایت اور پرجوش ردعمل شاندار اور حیرت انگیز ہے، ہر گزرتے دن اور شہر کے بعد عوامی شرکت بڑھتی جا رہی ہے۔
اپنے بیان میں سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ بلاول بھٹو اور پی پی پی نے ایک بار کی حقیقی عوامی جماعت ہونے کا ثبوت دیا ہے، پنجاب کے پرانے جیالے دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نئی نسل پیپلز پارٹی کی آزاد خیال اور ترقی پسند سیاسی نظریے کی طرف مائل ہو رہی ہے ، عوام کھوکھلے نعروں اور دعووں سے مایوس ہو چکے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ لوگ حقیقی سیاسی تحریک کا حصہ بننا چاہتے ہیں، عوامی مارچ کے ذریعے قوم نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ پیش کر دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ لاہور کی عوام عدم اعتماد پیش کرے گی، مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی حکومتی حلقوں میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔ شیری رحمن نے کہاکہ عوامی مارچ کے بعد ہی وزیراعظم کو عوام اور اتحادی یاد آئے ہیں لیکن اب بہت دیر ہو چکی ہے۔