شاہ محمود

پی ٹی آئی کمیٹی کی اسمبلیاں 20دسمبر تک تحلیل کرنے کی سفارش ، پنجاب کے ارکان کی مخالفت

لاہور(نمائندہ عکس) پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے پنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلیوں سے مستعفی ہونے سے متعلق سفارشات تیارکرتے ہوئے 20دسمبر تک دونوں اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سفارش کر دی جبکہ پی ٹی آئی پنجاب کے بعض ارکان نے اسمبلیاں فوری تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیدیا ۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں میاں اسلم اقبال، محمود الرشید، حماد اظہر اور اعجاز چودھری سمیت دیگر ارکان شریک ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے ارکان کی جانب سے 20دسمبر تک اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے کچھ ارکان نے فوری اسمبلیاں تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ارکان نے رائے دی کہ سیاسی کارڈز کھیلتے ہوئے ٹائمنگ کو مد نظر رکھا جائے، اسمبلیوں کی تحلیل تب کی جائے جب وفاق اوردیگرصوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے لیے دبا ئوبڑھ سکے، اس وقت حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے اربوں روپے مالیت کے ٹینڈرز ہوچکے ہیں اور متعدد حکومتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کی سفارشات پر پارلیمانی بورڈز کے اجلاسوں کے بعد تاریخ کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج (جمعہ ) دوپہر اڑھائی بجے 90شاہراہِ قائد اعظم ایوان وزیراعلی میں ہو گا جس میں ارکان اسمبلی سے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر رائے لی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں