شرجیل میمن

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں اپنے خلاف متوقع فیصلے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے‘ شرجیل میمن

کراچی (نمائندہ عکس)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے پاکستان تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس میں اپنے خلاف متوقع فیصلے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے الیکشن کمیشن سے متعلق بیان پر رد عمل میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر پر الزامات قابل مذمت ہیں ، موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے انتخاب کا کریڈٹ خود عمران خان لیتے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت جانتی ہے فارن فنڈنگ کیس میں وہ پھنس چکے ہیں، ملکی اداروں پر بہتان تراشی پی ٹی آئی کا وطیرہ بن گیا ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہم افواج پاکستان، عدلیہ، الیکشن کمیشن اور تمام اداروں کے ساتھ ہیں، تحریک انصاف کے رہنما ملکی اداروں پر ہرزہ سرائی سے باز رہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان کیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے جانبداری اور بددیانتی کی انتہا کر دی ہے اور منصوبے کے تحت ابھی تک منحرف اراکین کی اسمبلی سیٹ ختم کرنے کی ڈیکلریشن نہیں کی جا رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں