فیاض الحسن چوہان

پیپلزپارٹی لانگ مارچ کیلئے 30 ہزار دیہاڑی دار مزدور اجرت پر سندھ سے لے کر آئی، فیاض الحسن چوہان

لاہور (نمائندہ عکس ) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی لانگ مارچ کے لیے تقریبا 30 ہزار دیہاڑی دار مزدور اجرت پر سندھ سے لے کر آئی۔ پیپلزپارٹی کارکنان کی ضیا الحق کی قبر پر نعرے بازی پر فیاض الحسن چوہان نے اپنے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہے آصف زرداری اور چھوٹو زرداری کی تربیت۔

انہوں نے کہا کہ کہاں ہے سیاسی اور جمہوری اخلاقیات کا درس دینے والی شیری رحمان، کدھر گئی پیپلز پارٹی کی نام نہاد انسانیت دوست جمہوریت، پہلے سندھ کی زندہ عوام کے حقوق کا جنازہ نکالا، اب قبروں میں مدفون مردوں کے احترام کی دھجیاں اڑا دیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میرا مطالبہ ہے کہ آصف اور بلاول زرداری اس معاملے پر قوم سے معافی مانگیں، پیپلز پارٹی لانگ مارچ کے لیے تقریبا 30 ہزار دیہاڑی دار مزدور اجرت پر سندھ سے لے کر آئی۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ زرداری لیگ نے جان بوجھ کر مذہبی، انسانی اور جمہوری اخلاقیات کی دھجیاں اڑائیں، صاف ظاہر ہے کہ یہ شرمناک حرکت اعلی قیادت کی شہ پر کی گئی، پیپلز پارٹی اس مذموم حرکت میں ملوث کارکنان کے خلاف کارروائی کرے۔ فیاض الحسن نے مزید کہا کہ ویڈیو میں اس حرکت میں شامل کارکنان کے چہرے واضح دیکھے جا سکتے ہیں، ان کارکنان کے خلاف کاروائی پیپلز پارٹی کی سیاسی و اخلاقی اقدار کا ثبوت دے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں