میدانی علاقوں

پنجاب کے میدانی علاقوں میں نومبر کے آخر سے لے کر اگلے دو تین ماہ تک کورا پڑنے کا خدشہ ہے، محکمہ زراعت کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے پھلدار پودوں اور نرسریوں کو موسم سرما کے دوران کورے سے محفو ظ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں نومبر کے آخر سے لے کر اگلے دو تین ماہ تک کورا پڑنے کا خدشہ ہے لہٰذا کاشتکار کورے سے بچاو کے لئے تدارکی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی پریشانی یا مالی نقصان کا سامنا نہ کرناپڑے۔

انہوں نے بتایاکہ کورا باغات اور نرسریوں کو بہت نقصان پہنچاتاہے اور اگر پھلدرار بڑے وچھوٹے پودے کورے کی لپیٹ میں آجائیں تو پھر انہیں بھی دوسرے جانداروں کی طرح موسم کے تغیر و تبدل سے بچانا ممکن نہیں رہتا۔ انہوں نے بتایاکہ پھلدار پودوں میں آم، لیچی، کیلااور امرود سب سے زیادہ کورے کی زد میں آتاہے جبکہ اسی طرح ترشاوہ پودوں میں کاغذی لیموں اور سیڈ لیس لیموں کو بھی نقصان پہنچنے کا احتمال رہتاہے۔

انہوں نے کہاکہ بعض اوقات زیادہ کورے کی صورت میں نرسریوں میں موجود تمام پودے بھی ناکارہ ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ عام طور پردسمبر و جنوری میں جب سردہوائیں چلتی ہوں اور رات کو مطلع صاف ہونے سمیت ہوا بالکل بند ہو جائے تو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ کورا پڑنے والا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ زیادہ کورا پڑنے سے پھلوں کارس خشک، پودوں کا چھلکا پھٹ جاتاہے اور نرم و نازک شاخیں بھی متاثر ہو کر خشک ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کورے کے ایام میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیں جبکہ اس ضمن میں ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی مزید رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں