فیصل آباد(عکس آن لائن) زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ پنجاب میں گاجر کی پچھیتی کاشت وسط اکتوبر تک مکمل کر لی جائے۔ انہوں نے بتایاکہ حیاتین اے ، سی ، معدنی نمکیات لوہے ، چونے ،فاسفورس سے بھرپور گاجر موسم سرماکی مقبول اور غذائیت سے بھر پور سبزی ہے جسے سلاد ، اچار ، مربے،حلوے کے طور پر بھی استعمال کیاجاتاہے ۔ یہ سبزی خون اور آنکھوں کی بیماریوں سے نجات سمیت انسانی جسم میں قوت مدافعت پیداکرنے کی ضامن ہے۔
انہوں نے کہاکہ گاجر کی کاشت کیلئے ٹی 29 استعمال کرنی چاہیے کیونکہ یہ اچھی پیداواری صلاحیت کے ساتھ ساتھ بیماریوں اور کیڑوں کے حملوں کے خلاف بہتر قوت مدافعت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بوائی سے قبل بیج کو 12 گھنٹے تک پانی میں بھگونے سے شرح اگاؤ میں شاندار اضافہ ہو سکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار 6سے8کلوگرام زیادہ روئیدگی والا جڑی بوٹیوں سے پاک صاف ستھرا منظور شدہ بیج فی ایکڑ استعمال کریں ۔ انہوں نے کہاکہ اگر بیج کو پھپھوند کش زہر لگا کر کاشت کیاجائے تو اس کے اور بھی اچھے نتائج مل سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ گاجر 100 سے 120روز میں پوری طرح تیار ہو جاتی ہے۔ مزید رہنمائی کیلئے زرعی ماہرین سے رابطہ کیاجاسکتاہے۔