عثمان بزدار

پنجاب میں ترقیاتی بجٹ کے استعمال کا تناسب ماضی کے مقابلے میں بہتر ہے،عثمان بزدار

لاہور(عکس آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقی ہر شہر اور ہر علاقے کا حق ہے۔ صوبے کے ہر شہر اور ہر حصے کی یکساں ترقی کے ویژن پر یقین رکھتے ہیں۔

عوام کی ضرورت کو مدنظر ر کھ کر ترقیاتی منصوبے بنائے گئے ہیں۔ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات کے تعین کیلئے پہلی مرتبہ منتخب نمائندوں سے مشاورت کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار گزشتہ روزاپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی بجٹ کے استعمال کا تناسب ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں بہتر ہے اور تنقید برائے تنقید کرنے و الوں کو حقیقی اعداد و شمار دیکھ کر بات کرنی چاہیئے۔ سابق حکومت لاہور سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں متعدد منصوبے ادھورے چھوڑ کر گئی۔ گزشتہ دور کے متعدد منصوبوں کی ادائیگیاں موجودہ حکومت نے کیں اور تعصب سے بالاتر ہو کر عوامی فلاح کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے انتظامی تیاریاں مکمل ہیں اور فنڈز بھی مختص کئے جا چکے ہیں، سیکرٹریٹ جلد قائم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور مخالفین کی خواہشات کے برعکس اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور ہمارا اتحاد ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کی امیدیں خاک میں مل گئیں اور مخالفین کے عزائم بری طرح ناکام ہوئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں،سیاسی یتیم یاد رکھیں حکومت اپنی مدت پورے کرے گی اور عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پہلے سے زیادہ مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کا ایجنڈا مقدم ہے۔

عوامی خدمت کے سفر میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ غذا میں ملاوٹ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ملاوٹ کے سدباب اور فوڈ سیفٹی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اشیائے خورد و نوش میں ملاوٹ کرنے والے عناصر عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ملاوٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور ملاوٹ مافیا کے خلاف مہم میں کوئی دباؤ خاطر میں نہ لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو خالص غذا کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ سردار عثمان بزدار نے سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں پاکستانی مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے علی پور چٹھہ کے علاقے چراغ آباد میں مکان کی چھت گرنے سے بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں