راولپنڈی(عکس آن لائن) حکومت پنجاب کی طرف سے فصلوں کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے 2019-20 میں بیجوں اور کھادوں پر 3 ارب 87 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔
زرعی ترجمان نے بتایاکہ اس پروگرام کے تحت چنا کی کاشت پر فی ایکڑ 2 ہزار روپے سبسڈی، کینولہ کی کاشت پر فی ایکڑ 5ہزار روپے جبکہ کھادوں ایس ایس پی 200 روپے، این پی 200 روپے، این پی کے 300 روپے، ایم او پی 500 روپے، ڈی اے پی 500 روپے اور ایس او پی 800 روپے فی بیگ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ صوبہ پنجاب میں جھنگ، میانوالی، بہاولنگر، سرگودھا، ڈی جی خان، لیہ، اٹک، خوشاب، راجن پور، چکوال، بھکر اور مظفرگڑھ کے اضلاع میں چنا کی کاشت پر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
رجسٹرڈ کاشتکاروں کو چنے کی کاشت پر 5 ایکڑ تک سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ سبسڈی واؤچرز چنے کے بیج کی بوری میں فراہم کیے جائیں گے۔ اس سبسڈی سکیم سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے کاشتکار چنے کا بیج پنجاب سیڈ کارپوریشن اور ہرل سیڈ کارپوریشن کے مستند ڈیلرز سے خریدیں۔ علاوہ ازیں 2018-19 میں 2لاکھ 70 ہزار کاشتکاروں کو بیج اور کھادوں پر سبسڈی کی ادائیگی مکمل ہوچکی ہے۔ ایسے کاشتکار جن کو جوابی میسج موصول ہوگیا ہے ان کو سبسڈی کی رقم جلد مہیا کردی جائے گی۔