لاہور (عکس آن لائن) صوبہ پنجاب میں غذایت کی کمی کا شکار بچوں کی صحت بہتر بنانے اور غذایت کی کمی پر قابو پانے کیلئے نئے اقدامات کے سلسلہ میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات (P&D) میں ممبر ہیلتھ، نیوٹریشن اینڈ پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر سہیل ثقلین کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پلاننگ کمیشن حکومت پاکستان کے چیف آف نیوٹریشن اسلم شاہین، نیوٹریشن انٹرنیشنل کی ٹیم کے ہیڈ ڈاکٹر دانش، UNICEF سے ڈاکٹر شفیق الرحمن، ڈاکٹر عظمیٰ بخاری اور چیف آف نیوٹریشن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب سلیم مسیح نے شرکت کی۔ اجلاس میں غذایت اور سٹنٹنگ (پستہ قد) کا شکار بچوں کے جسمانی اور دماغی صحت کے مسائل حل کرنے کے اقدامات اور حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں غذائی قلت کا شکار بچوں، ماں، بچہ کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے سفارشات کو حتمی شکل دی گئی۔
ڈاکٹر سہیل ثقلین کا کہنا تھا کہ لوگوں میں مفید غذا کے حوالے سے معلومات اور آگاہی کی کمی ہے جسکی بنا پر بہت سے بچے ایسی خوراک اور دیگر اشیا خورد و نوش کھاتے ہیں جس میں غذایت نہیں ہوتی۔ایسے بچے زیادہ کھانے کے باوجود آئرن اور وٹامن کی کمی کا شکار رہتے ہیں۔ ڈاکٹر سہیل ثقلین کا کہنا تھا کہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب وفاقی حکومت اور پلاننگ کمیشن کے تعاون سے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔