شاپنگ مالز

پنجاب حکومت نے بازاروں ،مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار رات 10بجے تک بڑھا دئیے

لاہور( عکس آن لائن)پنجاب حکومت نے عید الفطر تک بازاروں ،مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار رات 10بجے تک بڑھا دئیے اور فیصلے کا اطلاق آج جمعہ سے ہوگا ۔یہ فیصلہ کورونا کے لئے قائم کابینہ کی سب کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کا اعلان صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ویڈیو بیان کے ذریعے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار کو شام پانچ بجے سے بڑھا کر 10 بجے تک کر دیا گیا ہے ۔

یہ فیصلہ بازاروں میں رش کی وجہ سے کیا گیا ہے ۔ تاجروں اور عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کریں ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلے کے مطابق تمام مزارات بھی آج جمعہ سے چوبیس گھنٹے کے لئے کھلے رہیں گے۔آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے پنجاب حکومت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو یہ فیصلہ پہلے ہی کر لینا چاہیے تھا تاکہ بازاروں میں خریداروں کا رش کم ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلے سے خریداری کرنے والوں کو بھی آسانی میسر آئے گی ۔

آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے سیکرٹری جنرل نعیم میر نے بھی حکومت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے تاجروں اور عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کیلئے وقت بڑھانے سے بازاروں میں رش کم کرنے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ تاجروں اور عوام سے اپیل ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں