ٹیسٹ

پاک آسٹریلیا ٹیسٹ ، مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 271رنز بنالئے ،205رنز کا خسارہ باقی

راولپنڈی (عکس آن لائن) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے پاکستان کے 476رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں دوو کٹوں پر 271رنز بنا لئے ،205رنز کا خسارہ باقی ہے ،عثمان خواجہ 97 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اورسنچری سکور نہ کر سکے ،ڈیوڈ وارنر 68بنا کر پویلین لوٹے ، لبوشین 69اور سٹیون 24رنز پر کریز پر موجود ہیں ، پاکستان کی جانب سے ساجد خان اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ،میچ کے دور ان راولپنڈی میں گہرے بادل چھاجانے اور خراب روشنی کے باعث میچ روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہوسکا ، (آج)پیر کو بھی میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز پہلے سیشن میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز کے کھیل کا آغاز 5 رنز بغیر کسی نقصان کے کیا۔ مہمان ٹیم کے عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر پاکستانی بائولر کے سامنے ڈٹ گئے اور سکور کو آہستہ آہستہ آگے بڑھاتے رہے ، کھانے کے وقفہ سے قبل ہی دونوں آسٹریلوی بیٹر نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور کھانے کے وقفہ تک آسٹریلوی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 138رنز بنا لئے تاہم ایک موقع پر آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ جب 22رنز پر کھیل رہے تھے تو پاکستانی بائولر شاہین آفریدی کی گینڈ پر فواد عالم کیچ نہ پکڑ سکے جس کاآسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور اس طرح مہمان ٹیم کے اوپنرز نے 156رنز کا آغاز فراہم کیا اس موقع پر پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 68رنز پر ڈیوڈ وارنر کو بولڈ کر کے پہلی کامیابی دلائی ۔

ڈیوڈوارنر کے آئوٹ ہونے کے بعد لبوشین نے عثمان خواجہ کے ساتھ ملکر سکور کو آگے بڑھایا تاہم پاکستانی ٹیم کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب نعمان علی کی گیند پر مہمان ٹیم کے اوپنر بیٹر عثمان خواجہ 97رنز پرنروس نائنٹیز کا شکار ہو کر امام الحق کے ہاتھوں کیچ ہو کر پویلین لوٹ گئے اس وقت مہمان ٹیم کا مجموعی سکور 203تھا ۔آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ کی اننگز میں پندرہ چوکے شامل تھے اور وہ اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے ۔عثمان خواجہ کے پویلین لوٹنے کے بعد مارنس لبوشین اور سٹیون سمتھ نے سکور کو آگے بڑھایااور مارنس نے 91بالوں پر نصف سنچری مکمل کی ۔ تیسرے روز 73اورز کے کھیل مکمل ہوا تو خراب روشنی کے باعث میچ روک دیا گیا جودوبارہ شروع نہ ہوسکا اس وقت آسٹریلیا کا مجموعی سکور 271تھا ، مہمان ٹیم کے بیٹرمارنس لبوشین 69اور سٹیون 24رنز پر کھیل رہے تھے ، پیر کو میچ 9بجکر 45منٹ پر شروع ہوگا اور محکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز چار وکٹوں پر 476رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے پانچ رنز بنا ئے اور 471رنز کا خسارہ باقی تھا ، مہمان ٹیم کی جانب سے عثمان خواجہ پانچ اور ڈیوڈ وارٹر بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود تھے پاکستان کی جانب سے اظہر علی 185اور امام الحق 157رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون ،پیٹ کمنز اورمارنس لبوشین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی ۔

قبل ازیں پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور قومی ٹیم نے پہلے روز ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے ،اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تھی تاہم کھانے وقفے سے ایک اوور قبل نتھین لیون نے پیٹ کمنز کے ہاتھوں عبداللہ شفیق کو 44 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا تھا ۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے تاریخی دورے پر ہے۔ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلین ٹیم دورہ پاکستان کے دوران 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں