پاک آسٹریلیا

پاک آسٹریلیا ٹیسٹ ،چوتھے روز آسٹریلوی ٹیم نے 476کے جواب میں 7وکٹوں کے نقصان پر449رنز بنالئے ،27رنز کا خسارہ باقی

راولپنڈی(عکس آن لائن) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ سیریز کے بارش سے متاثرہ پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلوی ٹیم نے 476کے جواب میں 7وکٹوں کے نقصان پر449رنز بنالئے ،27رنز کا خسارہ باقی ہے ،آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ 97، مارنس لیبوش 90، ڈیوڈ وارنر 68ااوراسمتھ 78رنز کے ساتھ نمایاں رہے ،مچل سٹارک 12اور کپتان پیٹ کمنز 4رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے چار ، شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور ساجد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ،بارش کے باعث چوتھے روز کا کھیل وقت پر نہ ہوسکا، امپائر نے گرائونڈ کا دوبار معائنہ کے بعد کھیل ایک بجے شرووع کر نے کا فیصلہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میںرات بھرجاری مسلسل بارش اور گیلی آئوٹ فیلڈ کے باعث چوتھے روز دوپہر کے کھانے کے وقفے سے پہلے تک کھیل شروع نہیں ہوسکا،پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں امپائرز نے صبح 2 معائنے کیے تاہم اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ رات بھر کی شدید بارش کی وجہ سے تب تک گیلی تھی۔میچ آفیشلز نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجکر 15 منٹ پر تیسرے معائنے کے بعد گراؤنڈ کو فٹ قرار دیا ،میچ شروع ہونے سے قبل کورز ہٹاکر پچ کو سکھایا بھی گیاجس کے بعد دوپہر ایک بجے کھیل دوبارہ شروع ہوااور 67اورز کا میچ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔

چوتھے روز آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 271 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے کیااور دونوں کھلاڑیوں نے آہستہ آہستہ سکورکو آگے بڑھایا تاہم آسٹریلیا کو اس وقت بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب مارنس لیبوش 90رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عبد اللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے اور عثمان خواجہ کی طرح وہ بھی سنچری سکور نہ کر سکے اس وقت آسٹریلیا کا مجموعی سکور 311تھا ،مارنس کے آئوٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کی جانب سے اسمتھ کا ساتھ دینے کیلئے ٹریوس ہیڈ میدان میں اترے تاہم وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے اور وہ نعمان علی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے ، جب آسٹریلوی کا مجموعی سکور 407رنز پر پہنچا تو ٹریوس ہیڈ کے بعد آنے والے کھلاڑی کیمرون گرین بھی نصف سنچری نہ کرسکے اور 48سکور پر پویلین لوٹ گئے وہ نعمان علی کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے جس کے بعد آسٹریلوی بیٹر اسمتھ بھی گھبرا گئے اور 78رنز پر نعمان علی کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوکر پویلین لوٹے ، اس موقع پر آسٹریلیا کا مجموعی سکور 422تھا ، آسٹریلیا کے چھ کھلاڑی آئوٹ ہونے کے بعد الیکس کیری اور مشیل سٹارک نے سکور آگے بڑھایا تاہم جب آسٹریلیا کا مجموعی سکور 444تک پہنچا تو کیری بھی 19رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے ، چوتھے روز کھیل کے اختتام آسٹریلیا نے سات وکٹوں کے نقصان پر 449رنز بنا لئے ، کپتان پیٹ کمنز چار اور سٹارک 12رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے چار ، ساجد خان ، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی قبل ازیں پاکستانی ٹیم نے چار وکٹوں پر 476رنز پر پہلی اننگز ڈکلیئرکر دی تھی ،

پاکستان کی جانب سے پاکستان کی جانب سے اظہر علی 185اور امام الحق 157رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون ،پیٹ کمنز اورمارنس لبوشین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی ۔قبل ازیں پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور قومی ٹیم نے پہلے روز ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے ،اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تھی تاہم کھانے وقفے سے ایک اوور قبل نتھین لیون نے پیٹ کمنز کے ہاتھوں عبداللہ شفیق کو 44 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا تھا ۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کے تاریخی دورے پر ہے۔ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلین ٹیم دورہ پاکستان کے دوران 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں