درآمدات

پاکستان کی درآمدات اور برآمدات کے حوالے سے بلجیم یورپی یونین چھٹے نمبر پر ہے’میاں نعمان کبیر

لاہور(عکس آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بلجیم کے سفارتخانے نے مشترکہ طور پر لاہور چیمبر میں کیٹلاگ نمائش منعقد کی اور کنٹیکٹ ڈے منایا۔ بلجیم کے ٹریڈ کمشنر عابد حسین اور لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق کے ہمراہ افتتاح کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔لاہور چیمبر کے ممبران کی بڑی تعداد نے کیٹلاگ نمائش کا دورہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عابد حسین نے کہا کہ بلجیم کی کمپنیاں پاکستانی مارکیٹ میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں، پاکستان تاجروں کو اپنے ہم منصوبوں کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبہ سازی کرنی اور مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بلجیم بزنس کانٹیکٹ ڈے اور کیٹلاگ نمائش سے خطاب کر رہے تھے جس کا افتتاح لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کیا جبکہ سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق و ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اس موقع پر موجود تھے۔ عابد حسین نے کہا کہ بلجیم کے تاجروں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلجیئم یورپی یونین میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تجارتی کمشنر نے کہا کہ دونوں ممالک کو تعاون کے لیے مزید شعبوں کی نشاندہی کرنی چاہیے اور باہمی تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے مزید قابلِ تجارت اشیاء بھی متعارف کرانی چاہیے۔

لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ کیٹلاگ نمائش میں بیلجیئم کی ٹیکسٹائل مشینری، کیمیکلز، فوڈ اینڈ فارماسیوٹیکل ، فوڈ پراڈکٹس، فوڈ پروسیسنگ مشینری ،زرعی مصنوعات اور مشینری، آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ کمپنیوں نے حصہ ڈالاہے، بیلجیئم یورپین یونین کے چھ بانی ممالک میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلجیئم گزشتہ کئی سالوں سے تجارتی شراکت دار ہیں۔ پاکستان کی درآمدات اور برآمدات کے حوالے سے بیلجیئم یورپی یونین چھٹے نمبر پر ہے۔میاں نعمان کبیر نے کہا کہ بیلجیئم کو پاکستان کی نمایاں برآمدات میں ریڈی میڈ گارمنٹس، ہوم ٹیکسٹائل، ہوزری آئٹمز، چاول، تمباکو، کھیلوں کا سامان اور سوتی دھاگہ وغیرہ ہیںجبکہ درآمدات میں فارماسیوٹیکل مصنوعات، ویونگ مشینیں، لوہا اور سٹیل، زرعی مشینری، پلاسٹک کی اشیاء اور الیکٹرانک آلات وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفد کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن نے کہا کہ بیلجیئم کے بزنس کنٹیکٹ ڈے اور کیٹلاگ نمائش سے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کو ایک دوسرے کی مارکیٹوں کے بارے میں بہترآگاہی حاصل اور ان ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملے گی جن سے باہمی تجارتی حجم میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں اور طویل عرصے سے دونوں ممالک مستحکم تجارتی شراکت دار ہیں۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ بیلجیئم کی عالمی درآمدات 400 بلین ڈالر کے لگ بھگ ہیں جن میں پاکستان کا حصہ 400 ملین ڈالر کے آس پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بیلجیئم برآمدات میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں