شوکت یوسفزئی

پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا جارہا ہے، شوکت یوسفزئی

پشاور(نمائندہ عکس) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا جارہا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے نہیں امریکی ڈالروں نے عمران خان کی حکومت ختم کرائی۔

انہوں نے کہا کہ کیا مولانا فضل الرحمان بتا سکتے ہیں کہ منتخب حکومت ختم کرنے کا ان کو کتنے ڈالروں کا ثواب ملا، کیا موجودہ مہنگائی کے ذمہ دار بھی مولانا فضل الرحمان خود کو سمجھتے ہیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ موجودہ امپورٹڈ حکومت ہر قومی ادارے کو گروی رکھنا چاہتی ہے، موجودہ مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ شو باز شریف اینڈ کمپنی کے پاس ملک چلانے کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے، امریکی ڈالروں کے ذریعے پی ٹی آئی کی منتخب حکومت کو سبوتاژ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دو جولائی کو ملک کے تمام بڑے شہروں میں احتجاج کی کال دی ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا جارہا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ افسوس سندھ کے ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کو پیپلز پارٹی کی مداخلت نظر نہیں آرہی، اسمبلیاں توڑ کر فوری انتخابات کرائے جائیں، نئے انتخابات کے سوا ملک کے مسائل کا کوئی حل نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں