انجلینا جولی

پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کا دنیا کو اندازہ نہیں ہے، انجلینا جولی

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کا دنیا کو اندازہ نہیں ہے، میں نے پہلے ایسا کبھی نہیں دیکھا، اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوں ۔ ہالی ووڈ اداکارہ اور انسان دوست انجلینا جولی، جو سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی اور مدد کے لیے پاکستان کے دورے پر ہیں، نے نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ ڈپٹی چیئرمین این ایف آر سی سی احسن اقبال نے جولی کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی تاریخ کے سب سے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انجلینا جولی کو سیلاب کے ردعمل اور اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجلینا جولی نے کہا کہ وہ گزشتہ روز صوبہ سندھ کے شہر دادو کے دورے کے دوران لوگوں کے دکھ دیکھ کر بہت متاثر ہوئی ہیں جہاں انہوں نے سیلاب زدگان سے ملاقات کی۔

انجلینا جولی نے کہا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہیں اور دنیا کو یہ بتانے کے لیے اپنی کوششیں کریں گی کہ ان موسمیاتی تبدیلیوں نے کتنی تباہی کی ہے اور انہیں زندگی بچانے کے لیے کس مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ایسا کبھی نہیں دیکھا، اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا بین الاقوامی برادری سے مطالبہ ہے کہ وہ پاکستان کی مزید مدد کریں، میں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دیکھا ہے کہ کس طرح پاک فوج نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی زندگیاں بچانے کے لئے کوششیں کی ہیں۔ ہالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ میں نے ان لوگوں کو بھی دیکھا ہے جن کی زندگیاں بچ گئی ہیں اور ان سے ملاقات بھی کی ہے لیکن اگر ان کو مزید امداد نہیں ملی تو ہوسکتا ہے کہ وہ آئندہ 2 ہفتوں میں زندہ نہ رہ پائیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد اگر ابھی بچ بھی جاتے ہیں تو یہ لوگ موسم سرما میں کس طرح گزارا کریں گے، میرے لئے یہ سوچنا بھی ممکن نہیں ہے۔ انجلینا جولی نے کہا کہ میں بحیثیت پاکستان کی دوست یہاں موجود ہوں، اور مجھے یہاں سے جو پیار ملا ہے وہ کسی اور صورت میں لوٹانے کی کوشش جاری رکھوں گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں