قمر زمان کائرہ

پاکستان اس وقت سیلاب کی زد میں ہے، وزیراعظم خود ساری صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں،قمر زمان کائرہ

اسلام آباد(نمائندہ عکس)وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے ملک میں مجموعی سیلابی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا پاکستان اس وقت سیلاب کی زد میں ہے،ہمیں ایک قوم بن کر مشکل کی اس گھڑی میں اپنے عزیز ہم وطنوں کی مدد کرنا ہوگی۔

جمعہ کو جاری بیان کے مطابق قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں، وزیراعظم پاکستان خود ساری صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں،سیلابی صورتحال کے باعث وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یورپ کے چار ملکوں کا اہم ترین دورہ منسوخ کیا، بلاول بھٹو زرداری اس وقت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی سرگرمیاں موخر کرکے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے جدوجہد کرنی چائیے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ایک ایک فرد کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، قوموں کی زندگی میں مشکل ترین حالات پیش آتے ہیں، ہمیں ایک قوم بن کر حالات کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی زد میں آکر شہید ہونے والوں کے اہلخانہ کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔ قمر زمان کائرہ نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں