لاہور(عکس آن لائن)پاکستانی کرنسی میں ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سالانہ بنیاد وں پر 22.45 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔اعدادوشمار کے مطابق جولائی اور اگست میں مقامی کرنسی میں برآمدات کاحجم 1276238 ملین روپے ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 22.45فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق اگست کے دوران ملکی کرنسی میں برآمدات کا حجم 695136 ملین روپے ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 26.75 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سال اگست میں برآمدات کا حجم 548440 ملین روپے ریکارڈکیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق جولائی کے مقابلہ میں اگست میں ملکی کرنسی میں برآمدات 19.62 فیصد کی شرح سے نمو ہوئی ہے۔اعداد وشمار کے مطابق جولائی میں برآمدات کا حجم 581102 ملین روپے ریکارڈکیا گیا تھا جو اگست میں بڑھ کر 695136 ہو گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق اگست میں نیٹ ویئر کی برآمدات کا حجم 117892 ملین روپے ، ریڈی میڈ گارنٹس 83447 ملین روپے، بیڈویئرز 74081 ملین روپے ، سوتی ملبوسات 47002 ملین روپے، سوتی دھاگہ 30793 ملین روپے تولیے 25567 ملین روپے، چاول 18073 ملین روپے، باسمتی چاول 16271 ملین روپے اور گوشت و گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدا ت کا حجم 11210 ملین روپے ریکارڈکیاگیا۔
رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں پاکستانی کرنسی میں درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 2.42 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ جولائی اور اگست میں ملکی درآمدات کا حجم2371596 ملین روپے ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2430313 ملین روپے تھا۔ اگست میں درآمدات کا حجم 1330458 ملین روپے ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 0.50 فیصد کم ہے۔پاکستانی کرنسی میں اگست کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کا حجم 180628 ملین روپے، خام تیل 119438 ملین روپے، ایل پی جی 89854 ملین روپے، پام آئل 80346 ملین روپے، پلاسٹک میٹریل 66779 ملین روپے ، برقی مشینری و آلات 48536 ملین روپے، آئرن سٹیل 47489 ملین روپے، موبائل فون 32712 ملین روپے، سکریپ 28618 ملین روپے اور طبی مصنوعات کی درآمدات کا حجم 24592 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا۔