راجہ پرویز اشرف

پارلیمان کو مضبوط بنا کر ہی ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد(نمائندہ عکس )راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمان کو مضبوط بنا کر ہی ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمان عوام کی امنگوں کا ترجمان اور قانون سازی کا سب سے مقدم ادارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کا احترام اور اس کا تقدس برقرار رکھنا تمام سیاسی جماعتوں پر لازم ہے، پارلیمان میں عوامی نمائندے قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے ملکی اور قومی مفاد میں فیصلے کرتے ہیں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ پارلیمان ترقی پسند اور روشن خیال قوتوں پر مشتمل ہے، پاکستان کی پارلیمان بین الاقوامی پارلیمیانی یونین (آئی پی یو) اور دیگر بین الاقوامی پارلیمانی فرمز کا ایک سرگرم اور فعال ممبر ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ملک میں پارلیمان کی مضبوطی اور جمہوریت کے فروغ کی خاطر دی گئی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور دختر مشرق محترمہ بےنظیر بھٹو پارلیمان کو ایک آزاد اور مضبوط ادارہ بنانے پر یقین رکھتی تھیں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمان کو مضبوط بنا کر ہی ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں، پارلیمان جمہوریت کا ایک اہم ادارہ ہے جس کی مضبوطی ملک میں جمہوری عمل کا تسلسل اور ترقی کی ضامن ہوتی ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ پارلیمان عوام کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور قانون سازی کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں