ٹیکس

ٹیکس اقدامات اٹھاتے ہوئے صنعت و تجارت کے مفادات کو بھی مدنظر رکھا جائے’میاں نعمان کبیر

لاہور(عکس آن لائن) لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ اگرچہ ملک نازک حالات سے دوچار ہے لیکن حکومت کو دانشمندانہ اقدامات اٹھانے چاہئیں، موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ ڈالنے کے بجائے نئے ٹیکس دہندگان تلاش کرنے چاہئیں وگرنہ حالات درست ہونے کے بجائے مزید بگڑنے کا اندیشہ ہے۔ ایک بیان میں میاں نعمان کبیر نے کہا کہ حکومت اضافی محاصل حاصل کرنے کے لیے موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ ڈالنے کے بجائے ان لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لائے جو ٹیکس ادا نہیں کررہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی صنعتوں پر سپر ٹیکس کے نفاذ کا فوری نقصان سٹاک مارکیٹ کے کریش ہونے کی صورت میں سامنے آیا ۔ انہوں نے کہا کہ بڑی صنعتیں پہلے ہی بھاری ٹیکس ادا کررہی ہیں جبکہ ملک میں روزگار کی فراہمی کا بڑا ذریعہ بھی یہی ہیں۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ بڑی صنعتوں پر اس قدر بھاری ٹیکس عائد کرنے کے بعد مقامی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو نئی سرمایہ کار کی جانب راغب کرنا ممکن نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپر ٹیکس کے نفاذ سے سیمنٹ، سٹیل، چینی، تیل اور گیس، کھاد، ایل این جی ٹرمینلز، ٹیکسٹائل، بینکنگ، آٹوموبائل، سگریٹ، مشروبات، کیمیکلز اور ایئر لائنز سمیت تمام بڑی صنعتیں بری طرح متاثر ہوں گی۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ اگر حکومت موجودہ ٹیکس دہندگان پر ہی بوجھ لادتی رہی تو اس سے معیشت کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، حکومت کو ٹیکس نیٹ وسیع کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل سیکٹر کو پہلے ہی زیادہ پیداواری لاگت جیسے مسائل کا سامنا ہے جبکہ سپر ٹیکس کے نفاذ سے صورتحال مزید بگڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعت و تجارت سے متعلق فیصلے کرتے ہوئے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں