لاہور ( عکس آن لائن) کرکٹ میں پہلے لکڑی کی وکٹیں اور بیلز کا استعمال ہوتا تھا لیکن جیسے جیسے ترقی ہوتی گئی کرکٹ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نظر آنے لگا۔کرکٹ میچز میں اکثر دیکھا گیا ہے کہ وکٹیں اور بیلز میں لائٹس جلتی ہیں، کیا آپ جانتے ہیں وہ کیسے جلتی ہیں اور کیا آپ کو پتہ ہے وہ چارج بھی ہوتی ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2013 ء میں جگمگانے والی وکٹوں کی منظوری دی تھی، جس کے بعد انٹرنیشنل اور لیگ میچز میں ہمیں جگمگانے والی وکٹیں اور بیلز نظر آنا شروع ہوئیں۔اس سسٹم کو زنگ وکٹ سسٹم کہا جاتا ہے، جس میں ایل ای ڈی لائٹس لگی ہوتی ہیں۔آسٹریلیا کی ایک کمپنی زنگ انٹرنیشنل نے اس سسٹم کو متعارف کرایا تھا، اور اس سسٹم کو زنگ وکٹ سسٹم کا نام دیا گیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وکٹیں اور بیلز کیسے چارج ہو رہی ہیں۔ویڈیو میں ثنا میر بتا رہی ہیں کہ وہ بھی پہلی مرتبہ دیکھ رہی ہیں کہ وکٹیں اور بیلز کس طرح چارج ہوتی ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وکٹیں اور بیلز ایک سسٹم میں رکھی ہوئی ہیں جس میں وہ چارج ہو رہی ہیں۔