امام الحق

ون ڈے ،ٹی ٹونٹی کے مقابلے میں ہوم گرائونڈ پر ٹیسٹ کھیلنے میں زیادہ مزہ آتا ہے،امام الحق

لاہور ( عکس آن لائن) ٹیسٹ کرکٹر امام الحق نے کہا ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے مقابلے میں انہیں ہوم گرائونڈ پر ٹیسٹ کھیلنے میں زیادہ مزہ آتا ہے۔16ٹیسٹ میچز کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹر امام الحق انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گرائونڈ پر ہونے والی ٹیسٹ سیریز کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں ۔انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنی فارم کو بحال رکھنے کے لیے کوشاں ہوں، ٹیسٹ میچز وقفے کے بعد ہوتے ہیں، اس لیے نئے سرے سب کچھ شروع کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینا اچھا ثابت ہو رہا ہے، اس سے ردہم میں آنے کا موقع ملتا ہے، وقفے کے بعد ٹیسٹ کھیلنا تھوڑا مشکل ضرور ہوتا ہے، جسمانی اور دماغی طور پر خود کو تازہ دم رکھنا پڑتا ہے اور یہ آپ کرکٹ کھیل کر ہی کر سکتے ہیں۔

امام الحق نے کہا کہ ہوم گرائونڈ پر اچھی ٹیموں کے خلاف 5ٹیسٹ میچز کا منتظر ہوں، ٹیسٹ چمپئن شپ کی وجہ سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف اہم سیریز ہیں، ہم تین چار ٹیسٹ میچز جیت کر ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کی دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خوشی اس بات کی ہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں فل اسٹرنتھ کے ساتھ پاکستان آئیں گی، آسٹریلوی ٹیم بھی فل اسٹرنتھ کے ساتھ آئی تھی، بڑی ٹیموں کا آنا پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا ہے۔قومی کرکٹر نے کہا کہ آخری مرتبہ جب انگلینڈ کی ٹیم یہاں آئی تھی تو میں اسکول بوائے کی حیثیت سے میچ دیکھنے آیا تھا، اب بھی اسکولوں کے بچے بڑے بڑے پلیئرز کو دیکھیں گے تو ان میں کھیلنے کا شوق پیدا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں