شازیہ مری

وزیر خارجہ کے بیانئے سے بی جے پی اور پی ٹی آئی کو تکلیف ہے، شازیہ مری

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ پاکستان نے ایس سی او میٹنگ میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے کلبھوشن کو دہشت گرد کہا اور کشمیر کاز اجاگر کیاجس سے بی جے پی اور پی ٹی آئی کو تکلیف ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایس سی او میٹنگ میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی ہے تاہم میٹنگ کے بعد بھارت کے وزیرخارجہ کی پریس کانفرنس ان کی تنگ نظری ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورانِ میٹنگ بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے۔ انہوں نے کل بھی یہ ہی کہا کہ ہمیں مل کر خطے سے دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ خطے میں علاقائی کنیکٹویٹی کے لئے سی پیک جیسے اہم منصوبے پر صرف بھارت کو تکلیف ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور میزبان بھارتی وزیرِخرجہ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا ثبوت دینا چاہیء تھا لیکن لگتا ہے بھارتی وزیر کی پریس کانفرنس صرف آر ایس ایس کے انتہا پسندوں کو خوش کرنے کے لیئے تھی۔

انہوںنے کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کے خلاف آواز بلند کیا، انہوں نے بھارت کی سر زمین پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کلبھوشن کو دہشت گرد کہا اور عمران نیازی اس کی وکالت کرتا رہا، عمران نیازی کا بس چلتا تو بھارتی پائلٹ کی طرح کلبھوشن کو بھی رہا کردیتا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ افسوس کہ پاکستان کے وزیرِخارجہ پر تنقید کرکے پی ٹی آئی مودی سے اظہار یکجہتی کرتی نظر آئی۔ وزیر خارجہ پاکستان کے بیانیہ سے بی جے پی اور پی ٹی آئی کو ایک جیسی تکلیف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں