احسن اقبال

وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران مختلف شعبوں میں مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہونگے، احسن اقبال

اسلام آباد (نمائندہ عکس)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی ،اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دو روز ہ سرکاری دورہ چین کے دوران مختلف شعبوں میں مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہونگے، ایم ایل ون سے پاکستان اور چین دونوں ملکوں کی معیشت پر مثبت اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے۔ منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ دو روزہ دورہ چین کے لئے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس دورے میں مختلف شعبوں میں مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وسیع پیمانے پر دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور سی پیک جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے 27 اکتوبر کو ہونے والے11ویں اجلاس کے تناظر میں سی پیک منصوبے پر تعاون کی رفتار کو مستحکم کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ دونوں ممالک ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے منصوبوں کو شروع کرنے میں پْرعزم ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ایم ایل ون سے پاکستان اور چین دونوں ملکوں کی معیشت پر مثبت اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے۔

تحریک انصاف کے دور میں ایک بھی صنعتی زون بھی مکمل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہاکہ چین نے صنعتی ترقی کی بنیاد پر معاشی ترقی کی۔ اب سی پیک کے تحت صنعتی تعاون کو فروغ دیں گے۔ سی پیک صنعتی تعاون روزگار کے نئے مواقع لائے گا۔ سی پیک کے تحت زرعی تعاون پر بات چیت ہوگی۔ سی پیک پاک چین تعاون کا سنگِ میل بن گیا ہے۔ملکی اور غیر ملکی حالات چاہے کچھ بھی ہوں، پاک چین دوستی نسل درنسل چلی آرہی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف کے اس دورے کی کامیابی کے اثرات دور رس ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں