وزیر اعظم کا بحالی کے کام میں مصروف مزدوروں کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان

کوئٹہ(نمائندہ عکس ) وزیر اعظم شہباز شریف نے بحالی کے کام میں مصروف مزدوروں کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ سب لوگوں نے محنت کی انہیں شاباش دیتا ہوں، انجینئرز اور حکام نے جو کام کیا وہ قابل تحسین ہے ،متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔ اتوار کووزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے کوئٹہ پہنچے۔ وزیر اعظم کو ضلع کچھی میں سیلاب متاثرہ روڈ اور ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ سروے کے لیے باہر کے کنسلٹنٹ لا رہے ہیں اور انفراسٹرکچر کی بحالی میں بہتر کام کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے انفراسٹرکچر کی بحالی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ انجینئرز اور حکام نے جو کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔ سیلاب سے پورے ملک میں تباہی پھیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ اور اس کے بعد بلوچستان متاثر ہوئے۔ لوگوں کے مال مویشی بہہ گئے اور فصلیں تباہ ہو گئیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بحالی کے کام میں مصروف مزدوروں کے لیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگوں نے محنت کی انہیں شاباش دیتا ہوں اور متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چند دنوں بعد میں ایک بار پھر فضائی جائزہ لوں گا اور امید ہے تمام امور احسن انداز سے مکمل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں