شاہ محمود قریشی

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے رابطہ ،تازہ ترین علاقائی اور عالمی امور پرتبادلہ خیال

اسلام آباد (نمائندہ عکس)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں تازہ ترین علاقائی اور عالمی امور پردونوں رہنمائوں نے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو 9 مارچ 2022 کو بھارت کی طرف سے نام نہاد ”حادثاتی” طور پر میزائل چلنے کے بارے میں آگاہ کیا جو پاکستانی علاقے میں گرا۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ پاکستان کی فضائی حدود کی کھلی خلاف ورزی اور ہوابازی کے علاوہ علاقائی امن وسلامتی کے تقاضوں سے قطعی بھارتی لاتعلقی کا مظہر ہے۔ وزیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان مسلسل ضبط وتحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کررہا ہے۔

سٹرٹیجک ہتھیاروں کے بھارتی انتظام میں کئی طرح کے نقائص اور فنی کوتاہیوں کی سنگین نوعیت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے حادثے کی مشترکہ تحقیقات کے پاکستان کے مطالبے پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ یہ واقعہ بھارت کے غیرذمہ دارانہ طرزعمل کا تسلسل اورمتقاضی ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت عالمی برادری اس کا حل کرے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے قیام امن کے شعبے، کورونا عالمی وباء کے سہہ طرفہ بحران سے لاحق مشکلات، پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تغیر سمیت پاکستان اور اقوام متحدہ میں تعاون پر بھی بات چیت کی۔

یوکرین کی صورتحال پر وزیر خارجہ نے پاکستان کے اس جاری تنازعہ، اس کے ترقی پزیر ممالک پر پڑنے والے معاشی اثرات پر نکتہ نظر کے علاوہ بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کی حمایت کی پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ وزیراعظم عمران خان شروع دن سے زور دیتے آرہے کہ دنیا میں کہیں بھی تنازعہ ہونے سے ترقی پزیر ممالک سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل نے وزیر خارجہ کویوکرین میں پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد دنیا میں شدید مہنگائی سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ کے حالیہ اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے دنیا میں رسد کی فراہمی میں تعطل کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے اجتماعی اقدامات کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا جس کی وجہ سے خوراک اور توانائی کی قلت پیدا ہورہی ہے جس سے ترقی پزیر ممالک خاص طور پر متاثر ہورہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے اس ضمن میں سیکریٹری جنرل کی کاوشوں کو سراہا اور ان کوششوں میں پاکستان کی طرف سے بھرپور تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں