وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم کی قوم سے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے اپیل

اسلام آ باد (نمائندہ عکس) وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے اپیل کر تے ہوئے کہا ہے کہ کھربوں روپے کے نقصانات کو پورا کرنے اور متاثرین کی بحالی کے لئے کھربوں روپے کی ضرور ت ہے، پوری قوم آگے بڑھ کر ہاتھ بٹائے تو ہم کئی گنا زیادہ رفتار سے متاثرین کی جلد امداد اور بحالی میں کامیاب ہوسکتے ہیں تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے اپیل کی ہے ۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹنے سے خاص طور پر بلوچستان اور سندھ میں تباہی وبربادی سے قیامت صغری کا منظر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سینکڑوں پاکستانی سیلاب کی بے رحم موجوں کی نظر ہوکراپنے پیچھے جدائی کا غم چھوڑ گئے ہیں اور سینکڑوں زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کرتے ہیں جبکہ بہت بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہیں اور اس دوران مال مویشی، فصلوں ، باغات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں ، وفاقی وصوبائی اداروں اور مسلح افواج کے بھرپور تعاون سے ہم سب مل کر دن رات کام کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 37.2 ارب روپے سیلاب زدگان کے لئے مہیا کئے جارہے ہیں جس میں سے ہر جاں بحق فردکے خاندان کو10 لاکھ ، زخمیوں ، گھروں کے گرنے اور دیگر نقصانات پر زرتلافی کے علاوہ متاثرین کو25 ہزار روپے نقد کی ادائیگی بڑے پیمانے پر جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کھربوں روپے کے نقصانات کو پورا کرنے اور متاثرین کی بحالی کے لئے کھربوں روپے کی ضرور ت ہے جس میں اگر پوری قوم آگے بڑھ کر ہاتھ بٹائے تو ہم کئی گنا زیادہ رفتار سے متاثرین کی جلد امداد اور بحالی میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں