خواجہ سعد رفیق

نیب نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی ضمانت منسوخی کیلئے نظر ثانی اپیل تیار کرلی

لاہور (عکس آن لائن) قومی احتساب بیورو ( نیب )نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی ضمانت منسوخی کیلئے نظر ثانی اپیل تیار کرلی ۔

نیب کی نظر ثانی اپیل کے ڈرافٹ کو چیئرمین نیب کی منظوری سے عید کے بعد سپریم کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔نیب کی اپیل کے متن میں کہاگیا ہے کہ سپریم کورٹ نے خواجہ برادران کے خلاف کیس کے بنیادی اور اہم شواہد کو نظر انداز کیا۔اگر سپریم کورٹ کے فیصلے میں آبزرویشن ختم نہ کی گئی تو ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر اثرانداز ہو سکتی ہیں ۔سپریم کورٹ کا کیس کے میرٹس کو دیکھنا پراسیکیوشن کے کیس کو کمزور کر سکتا ہے ۔سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ضمانتوں کے معاملے پر تفصیلی فیصلوں کی حوصلہ شکنی کر چکے ہیں ۔

سپریم کورٹ کی جاری ہدایات کی مطابق ملزمان کی ضمانتوں کے فیصلے 4 یا 5 صفحات پر مشتمل ہونے چاہیئں۔نیب نے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد درخواست گزاروں کے خلاف کاروائی کی ۔اس پٹیشن کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کی مزید معاونت بھی کی جائے گی ۔ضمانت کے موقع پر عدالت کو دستیاب شواہد پر سرسری جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرنے کا اختیار ہے۔معزز عدالتی بنچ نے ضمانت کی سطح پر شواہد کا گہرائی سے جائزہ لیا اور کیس کے میرٹس کی تفصیلی انکوائری کی، معزز عدالت نے فیصلے میں سعد رفیق کے وکیل کے پیراگون کو ہونے والی ادائیگیوں میں مفروضوں پر یقین کیا ہے۔ریکارڈ پر موجود شواہد واضح کرتے ہیں کہ سعد رفیق اور ان کے خاندان نے فرنٹ مین کے ذریعے پیراگون کو استعمال کیا اور اثاثے بنائے۔

فیصلے میں سیاسی انجیئرنگ سے متعلق جو بات کی گئی نیب اس پر یقین نہیں رکھتا۔خواجہ سعد رفیق اور دیگر کے خلاف انکوائری بغیر کسی ڈر و خوف کے اس وقت شروع ہوئی جب ان کی جماعت اقتدار میں تھی۔نیب معزز عدالت سے درخواست کرتا ہے کہ حقائق کی روشنی میں خواجہ برادران کے ضمانت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں