لاہور(عکس آن لائن) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اللہ نے مجھے جس مقام پرفائزکیا ہے اس میں اساتذہ کا بڑا کردار ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارنے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اساتذہ کی عزت و احترام کرنے والی اقوام نے ہی دنیا میں نام پیدا کیا۔
سرادر عثمان بزدار نے کہا کہ اساتذہ قوم کے محسن اور ہمارا افتخار ہیں، نئے پاکستان میں اساتذہ کو ان کا اصل مقام دیا گیا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اللہ نےمجھے جس مقام پرفائز کیا ہے اس میں اساتذہ کا بڑا کردار ہے، اپنے اساتذہ کوسلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے میری رہنمائی کی۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن منایا گیا ۔ اساتذہ کا عالمی دن ہر سال 5 اکتوبر کو منایا جاتا ہے جس کی ابتدا 1994 سے ہوئی تھی۔
یونیسکو، یونیسف اور تعلیم سے منسلک دیگر اداروں کی جانب سے اس دن جہاں اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے وہاں ان مسائل کا جائزہ بھی لیا جاتا ہے جو انہیں درپیش ہیں۔استاد ایک اچھے تعلیمی نظام کا بنیادی عنصر، اس کی روح ہیں اور جب تک اساتذہ کو معاشرے میں عزت نفس نہیں ملتی، وہ مقام نہیں ملتا جس کے وہ مستحق ہیں، وہ اپنے فرائض کو بخوبی انجام نہیں دے سکتے۔