لاہور (عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمرگل نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم میں کافی ٹیلنٹ موجود ہے کنڈیشن کے مطابق پلان کرکے اتریں تو کامیابی ملے گی، میگا ایونٹ میں غلطی کی گنجائش نہیں ہوتی، اس لیے اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھیں۔ایک انٹرویو میں سابق فاسٹ بولر عمر گل نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں آگے بڑھنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے باؤنس بیک کرکے سپر فور میں آنے کے چانسز ہیں، میری نظر میں جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی سپر فور میں شامل ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو تین سالوں سے شاہین، حارث اور نسیم کی صورت میں ایک اچھا بولنگ اٹیک ہمارے پاس تھا، ورلڈ کپ میں نسیم شاہ کے نہ ہونے سے پاکستان کی بولنگ اٹیک پر بہت فرق پڑا ہے۔عمر گل نے کہاکہ پچھلے میچ میں شاہین آفریدی کو پانچ وکٹیں لینے کے بعد کافی اعتماد ملا ہوگا، بولرز کو اپنے آپ کو خود موٹی ویٹ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے گزشتہ میچز کو بھول کر مستقبل پر فوکس رکھیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وکٹیں بالرز کیلئے زیادہ موافق نہیں ہوتیں باؤنڈریز بھی چھوٹی ہیں، یہاں بولرز جتنی جلدی کنڈیشن سے واقف اور اپنی لائن و لینتھ رکھے گا وہی کامیاب رہے گا، حارث رؤف کو اپنے آپ کو خود اٹھانا ہوگا، اپنی بیسٹ پرفارمنس کو یاد کریں۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ انڈین وکٹوں پر بالرز کے پاس بالکل مارجن نہیں ہوتا کہ وہ بیٹر کو روم دیں یا باہر بال کریں یہاں ڈسپلن چاہیے ہوتا ہے، بھارت نے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر پوزیشن کیلئے دو سے تین کھلاڑی تیار کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اتنی ہلکی ٹیم نہیں بیٹنگ اور بولنگ میں اچھے پلئیرز ہیں ا?گے میچز میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، پاکستان کے علاوہ ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم فیورٹ ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کے میچ میں وکٹ کس طرح کی ہے یہ دیکھنا ہوگا گزشتہ دونوں میچز کی وکٹیں بالکل مختلف تھیں۔عمر گل نے کہا کہ میرا فیورٹ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2009 کا تھا، نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ وکٹیں لینا اور ورلڈ کپ کا چیمپئن بننا خوشگوار لمحہ تھا۔