منہ کھر

مویشی پال حضرات کوجانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کیلئے فوری حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کیلئے فوری طور پر حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ لائیو سٹاک فارمرز ماہ مارچ واپریل کے دوران مویشیوں کو منہ کھر کی بیماری سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانا نہ بھولیں تاکہ جانوروں کو کسی بھی قسم کی پیچیدگی سے بچایا جا سکے۔ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک فیصل آباد حیدر علی خان نے کہا کہ منہ کھر کا وائرس بھینسوں، گائیوں، بکروں اور دیگر جانوروں کے منہ کی جلد، اوجھری، معدہ اور کھروں کے درمیان کھال پر حملہ کرتا ہے جس کے باعث متاثرہ جانوروں کونہ صرف تیز بخار ہو جاتا ہے بلکہ وہ خوراک کھانا بند کر دیتے ہیں اور دودھ کی پیداوار میں بھی کمی ہونا شروع ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بیماری میں بھینسوں اور گائیوں میں زبان، تالو، مسوڑھوں، ہوانہ، کھروں کے درمیان چھالے بن جاتے ہیں اسی طرح بھیڑ بکریوں میں چھالوں کی جگہ منہ میں سرخ دھبے بنتے ہیں اور منہ سے رال ٹپکنا بھی شروع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ تمام سرکاری ویٹرنری ہسپتالوں میں منہ کھر سے بچا کی ویکسین بھاری مقدار میں موجود ہے لہذا لائیو سٹاک فارمرز یا دیگر افراد قریبی ویٹرنری سنٹر یا ویٹرنری ہسپتال سے رابطہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ اس سلسلہ میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم ہے اسلئے لائیو سٹاک فارمرز کسی بھی مسئلہ، معلومات، اطلاعات یا رہنمائی کیلئے صبح 9سے شام5بجے تک فری ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں