شہباز اور حمزہ

منی لانڈرنگ کیس‘ شہباز اور حمزہ پر فرد جرم 10 مارچ تک موخر‘عبوری ضمانت میں 10 مارچ تک توسیع

لاہور (عکس آن لائن) بیکنگ کورٹ نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم 10 مارچ تک موخر کر دی۔ عدالت نے لیگی رہنماوں کی عبوری ضمانت میں 10 مارچ تک توسیع کر دی۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ ملزمان کے وکلائ نے استدعا کی کہ عدالت میں وکلاء کی ہڑتال ہے، آج دلائل نہیں دے سکتے۔

حمزہ شہباز کی جانب سے سینٹر اعظم نذیر تارڑ نے وکالت نامہ جمع کروا دیا۔ ایف آئی اے پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو صاف کاپیاں فراہم کر دی ہیں، ملزمان بلاوجہ کیس التوا کا شکار کر رہے ہیں، قانون میں لکھا ہوا ہے کہ جب کاپیاں فراہم کر دی جائیں تو ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت کو اب لانگ مارچ اور دھرنے نظر آرہے ہیں، ذاتی اناء کی وجہ سے ایف آئی اے نے دوبارہ یہ کیس تیار کیا۔ اس پر ایف آئی اے پراسکیوٹر نے کہا کہ یہ اناء کا مسئلہ نہیں بلکہ قانون کہتا ہے کہ جلدی ٹرائل کیا جائے۔

لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کہاں ہے وہ نیا پاکستان جس کا قوم سے وعدہ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا ہے ہماری حکومت 5اعشاریہ 8فیصد گروتھ ریٹ چھوڑ کرگئی تھی، اس کے علاوہ ہمارے دورمیں 1300ارب روپے مختلف منصوبوں پر خرچ ہوئے۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ میاں شہبازشریف نے میثاق معیشت کی با ت کی تھی، ان کو نیب نیازی گٹھ جوڑنے صاف پانی کیس میں گرفتار کیا، صاف پانی کیس میں 16افراد بری ہوچکے ہیں۔حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ توشہ خانہ کی بات کی جائے تو یہ پتلی گلی میں چھپ جاتا ہے، ریاست مدینہ کاجھوٹا دعویٰ کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں