خواتین کرکٹرز ک

ملک بھر میں خواتین کرکٹرز کے ٹرائلز مئی میں ہوں گے، پی سی بی کااعلان

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کھلاڑیوں کے پول کو وسعت دینے کے لیے تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے اشتراک سیمئی میں ملک بھر میں خواتین کرکٹرز کے ٹرائلز لینے کا اعلان کیا ہے، ملک بھر میں منعقدہ ان ٹرائلز کی نگرانی سابق ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹرزکریں گے،یہ ٹرائلز تین مختلف کٹیگریز میں لیے جائیں گے، جس میں انڈر 19، ایمرجنگ اور سینئر خواتین کھلاڑیوں کی کٹیگریز شامل ہیں۔ انڈر 19 کٹیگری میں صرف وہ کھلاڑی شامل ہوں گی جو یکم ستمبر 2003 یا اس کے بعد پیدا ہوئیں۔ایمرجنگ کٹیگری کے لیے عمر کی حد 19 سے 24 سال تک مقرر کی گئی ہے،اسی طرح 25 سے 28 سال تک کی خواتین کھلاڑی سینئر کٹیگری میں ٹرائلز دینے کی اہل ہوں گی۔زیادہ سے زیادہ نئی خواتین کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے پی سی بی نے فیصلہ کیا کہ ریجنل اکیڈمیز کی خواتین کرکٹرز ان ٹرائلز میں شرکت کرنے کی اہل نہیں ہوں گی،پی سی بی پہلے ہی اعلان کرچکا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن 23ـ2022 میں 100 خواتین کرکٹرز شرکت کریں گی۔

ملک بھر میں منعقدہ یہ ٹرائلز فروری 2023 میں جنوبی افریقہ میں شیڈول آئی سی سی انڈر 19 ٹی ٹونٹی ویمنز ورلڈکپ کی بینچ اسٹرینتھ کی مضبوطی کا بھی سبب بنیں گے۔ مختلف کرکٹ ایسوسی ایشنز میں ٹرائلز کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا جس کے مطابق بلوچستان 12 مئی، سینٹرل پنجاب 6 تا 9 مئی،خیبر پختونخواہ9 تا 11 مئی،ناردرن10 تا 17 مئی،سندھ 18 تا 28 مئی،سدرن پنجاب10 تا 12 مئی ،گلگت بلتستان میں ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ویمنز کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہناہے کہ ملک میں خواتین کی کرکٹ کی ترقی اور فروغ کے لیے ضروری ہے کہ ملک بھر کی نو عمر لڑکیوں اور خواتین تک اس کھیل کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

اس اقدام سے انہیں باصلاحیت کرکٹرز کی تلاش میں مدد ملے گی، جن کی مکمل تیاری کے لیے انہیں ضروری سہولیات اور باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی مشکور ہیں کہ جنہوں نے بورڈ کیشانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہوئے اپنی کرکٹ ایسوسی ایشن میں خواتین کرکٹ کی ترقی اور فروغ میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تھی تو اس وقت اس کھیل میں خواتین کیلئے مناسب مواقع میسر نہیں تھے تاہم پی سی بی کے اس اقدام سیاب یہ کھیل ہر خواہشمندخاتون کرکٹر کی رسائی میں ہوگا جویقیناََ ملک میں خواتین کرکٹ کی ترقی کا سبب بنے گا۔بسمہ معروف نے کہاکہ نو عمرلڑکیاں اس کھیل میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں اور مناسب کوچنگ، تربیت اور سہولیات سے وہ ملک کے لیے شاندار خدمات حاصل کرسکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں