طوفانی بارشیں

ملک بھرمیں طوفانی بارشیں ، جون میں پہاڑوں پربرفباری

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ بدھ کی شام تک جاری رہے گا ، چلاس، کشمیر اور مانسہرہ میں جون کے مہینے میں باف باری کے باعث پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ۔ میٹ آفس کے مطابق اس دوران خیبرپختونخوا، گلیات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جب کہ ندی نالوں اور دریاں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں۔ بارش کے بعد ندی نالوں میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج 21 جون کو بھی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان سمیت ملک بھر میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ میٹ آفس کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق پشاور، مردان، نوشہرہ، اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے اور آندھی، تیز ہواں کے باعث خیبر پختونحوا ، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان کا خطرہ ہے۔

اس دوران کہیں کہیں پر شدید موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ قبل ازیں ملک بھر کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کی شدت کم ہوئی، لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور ہوائیں چلی ہیں۔ قصور، چونیاں، شیخوپورہ، ملتان سمیت دیگر علاقوں میں بھی بادل برسے۔ رپورٹس کے مطابق فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، راولپنڈی اسلام آباد میں بھی بارش ہوئی۔ ڈی آئی خان سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے لے کر چلاس اور استور تک بارش ہوئی۔ چولستان میں بھی بارشوں نے زمین کی پیاس بھجادی۔

نئے بدلتے موسم میں جون کے مہینے میں آزاد کشمیر کے پہاڑ برف باری سے ڈھک گئے، وادی نیلم کے بلند پہاڑوں پر جون میں برفباری نے منظر حسین بنا دیا، جب کہ مانسہرہ میں بھی پہاڑ سفید ہوگئے۔ چلاس میں بابو سر ٹاپ اور ناگا پربت ٹاپ پر بھی برف باری سے موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا۔ بلوچستان میں بارکھان میں بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ کوہلو، موسی خیل، شیرانی، ڈیرہ بگٹی، ہرنائی، ژوب، دکی اور کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد، نصیر آباد، لسبیلہ اور خضدار میں بھی آئندہ 2 دن کے دوران بارش ہوسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں