اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ بھارت نے پچھلے چھ ماہ سے زائد عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے او ر تمام عالمی قوانین کی کھلی نفی کرتے ہوئے مقبوضہ وادی کا مکمل بلیک آﺅٹ کر رکھا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں ایک برطانوی وفد جس کی قیادت ہائی ویکمب کے مئیر کونسلر مذمل حسین کر رہے تھے سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق سمیت خطے کی مجموعی سیکورٹی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نو لاکھ بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہیں اور پچھلے چھ ماہ میں ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کر کے مقبوضہ کشمیر سے باہر جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرکے حالات پر پردہ ڈالنے کے لئے وادی میں غیر جانبدار میڈیا اور مبصرین کا داخلہ بند کر رکھا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے 80لاکھ کشمیریوں کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بند کر رکھا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں سمیت انسانی حقوق کے تمام عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ستر سالوں میں مقبوضہ وادی میں ہزاروں افراد کو شہید کر دیاگیا ہے اور مقبوضہ وادی میں اجتماعی قبروں کی موجودگی کا اعتراف خود انسانی حقوق کے ادارے کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے تحت ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو پیلٹ گن کے ناجائز استعمال کے ذریعے زخمی اور عمر بھر کے لئے نابینا کیاہے۔وفد کے ارکان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف بھر پورآواز اٹھارہے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے ضمن میں وفد کی کوششوں کو سراہا ۔انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کا تعلق ایک انتہا پسند ہندو جماعت سے ہے اور حالیہ شہریت بل سے مودی کا ہندو فاشسٹ ایجنڈا بے نقا ب ہو گیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ مودی کے انتہا پسند ایجنڈے سے نہ صرف مسلمان بلکہ بھارت کی دیگر اقلیتوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔انہوںنے کہاکہ کشمیری تین نسلوں سے اپنے حق خود ارادیت کا انتظار کررہے ہیں اور حق خودارایت کے حصول کے لئے پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ پرُ عزم انداز سے کھڑا ہے ۔انہوںنے برطانیوی پارلیمنٹ اور یورپی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو اٹھانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دُنیا کو کشمیریوں کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے متحرک انداز میں کام کرنا ہو گاتاکہ اُن کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کا حق دلوایا جاسکے۔
وفد میں سٹیو بیکر،سوئی ہائنرڈ،فلپ ہائنرڈ،کونسلر لیسلی کلارک،کونسلر مارٹن کلارک،کونسلر ضیاءاحمد اور کونسلر ظفر اقبال شامل تھے۔