محمد جاوید قصوری

مفادات کی سیاست ملک میں زیادہ دیر نہیں چل سکتی، پی ڈی ایم کے تھیلے سے بلی باہر آچکی ہے ‘محمدجاوید

لاہور (عکس آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نام نہاد اپوزیشن” پی ڈی ایم” کے تھیلے سے بلی باہر آچکی ہے۔ مفادات کی سیاست ملک میں زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔ پاکستان کی عوام حکومت اور پی ڈی ایم کی حقیقت سے آشکار ہوگئے ہیں۔ ملک میں صرف اور صرف جماعت اسلامی، عوام کی حقیقی ترجمان جماعت ہے۔ جس نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر خدمت کا فریضہ سر انجام دیا۔

ہم اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی ملک بھر میں ہزاروں فلاحی پراجیکٹ چلارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کے لیے استعمال ہورہا ہے۔ قوم سوال کرتی ہے کہ پانامہ لیکس میں بے نقاب ہونے والے باقی 436پاکستانیوں کے خلاف کب کارروائی کی جائے۔؟ جب تک احتساب کا نظام بلا تفریق عمل نہیں کرے گا اس وقت تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں۔ ادارے تباہ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے وزراء کی کارکردگی صفر ہے۔

محض قلم دان تبدیل کرنے سے تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کی زندگی میں خوشحالی لائی جائے ۔ محمد جاویدقصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ایک غیر سرکاری سروے کے مطابق 73فیصد پاکستانیوں نے حکومت کی پالیسیوں سے بدظنی کا اظہار کرتے ہوملک کی سمت کو غلط قرار دیا ہے۔جماعت اسلامی حکمرانوں کو عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دے گی۔ وقت آگیا ہے کہ حکمران قوم کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں