امان اللہ خان

مسکراہٹیں بکھیرنے والے امان اللہ خان کو بچھڑے 3 برس بیت گئے

لاہور (عکس آن لائن) مسکراہٹیں بکھیرنے والے امان اللہ خان کو بچھڑے 3 برس بیت گئے، کامیڈی کنگ نے پوری دنیا میں اپنے فن سے پاکستان کا نام روشن کیا، انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔اداس چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کے فن کے بادشاہ کامیڈی کنگ امان اللہ خان 1954ئ میں گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے، امان اللہ خان نے غریب گھرانے میں آنکھ کھولی لیکن اپنی کامیڈی سے زندگی کو شاندار بنا ڈالا، وہ لڑکپن سے خاندان کا پیٹ پالنے کے لئے پھیری لگا کر چیزیں بیچتے رہے۔انہوں نے کامیڈی کا باقاعدہ آغاز 1995ء میں تھیٹر سے کیا، انہیں شروع میں چھوٹے موٹے کردار ملے،

کامیڈی کنگ امان اللہ خان نے ایک سے بڑھ کر ایک ڈرامہ پیش کیا اوربہت سے ڈراموں کو اپنی کامیڈی سے یادگار بنا دیا۔2006ء میں پہلی فلم ” ون ٹو کا ون” اور 2014ء میں فلم ”نامعلوم افراد” میں اداکاری کی، چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے امان اللہ خان نے ٹی وی شوز میں بھی کام کیا، بھارت سمیت مختلف ممالک میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور پاکستان کا نام روشن کیا۔کامیڈی کنگ امان اللہ خان کو 2018ء میں حکومت کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

دل کا حال جو بھی ہو وہ ہمیشہ مسکراتے اور دوسروں کو ہنساتے رہے، چار دہائیوں سے زیادہ لمبے کیریئر میں امان اللہ نے اپنے چاہنے والوں کو خوب ہنسایا، انہوں نے متعدد فنکاروں کو خواب پورے کرنے کا بھی موقع دیا۔معروف کامیڈین امان اللہ خان گردوں اور پھیپھڑوں کے عارضہ میں مبتلا تھے اور 6 مارچ 2020ء کو نجی ہسپتال میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں