کراچی(عکس آن لائن ) سندھ و بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں ایک ہفتے کی حالیہ بارشوں سے شہر قائد کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں مزید 3 فٹ پانی آگیا ہے اور اب ڈیم میں سطح آب 321 فٹ ہوگئی ہے۔واپڈا کے مطابق رواں سال مختلف اوقات میں ہونے والی بارشوں سے حب ڈیم میں ایک اندازے کے مطابق 48 فٹ سے زائد پانی آچکا ہے اور ڈیم کو مکمل طور پر بھرنے کیلئے ابھی بھی 18 فٹ پانی درکار ہے، رواں سال کے اوائل میں حب ڈیم میں پانی کی سطح 278 فٹ پر تھی اور ڈیم ڈیڈ لیول پر ہونے کی وجہ سے کراچی کو پانی کی سپلائی بند کردی گئی تھی۔
رواں سال فروری میں بلوچستان اور گردونواح میں ہونے والی بے موسمی بارشوں سے حب ڈیم میں 18 فٹ کی سطح تک کا پانی آیا تھا جس کے بعد کراچی کو پانی کی فراہمی شروع کردی گئی تھی، سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں کئی ماہ سے وقفے وقفے سے جاری تیز بارشوں سے ڈیم میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایک ہفتہ قبل حب ڈیم میں پانی کی سطح 318 فٹ پر تھی اور گذشتہ چند دن کی بارشوں سے پانی تیزی سے حب ڈیم میں پہنچ رہا ہے، حالیہ دنوں میں حب ڈیم کا دائرہ 35 سے 40 کلومیٹر تک پھیل چکا ہے یوں پانی کا محض ایک فٹ کا لیول کروڑوں گیلن کے خطیر ذخیرہ ہے،45 کلومیٹر تک کے رقبے پر پھیلے 350 لیول کے حب ڈیم میں 339 فٹ کی سطح تک پانی جمع کیا جاسکتا ہے اور موجودہ لیول کے مطابق ڈیم میں مزید 18 فٹ پانی جمع کرنے کی گنجائش ہے جس کے بعد ڈیم کے اسپل وے کھل جاتے ہیں اور پانی حب ندی کے راستے سمندر میں گرنے لگتا ہے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان کے مطابق حب ڈیم میں پانی کا موجودہ ذخیرہ سال 2021 کے آخر تک کے لیے کافی ہے۔کراچی سے جڑے بلوچستان کے علاقے حب میں واقع حب ڈیم سے کراچی غربی کے علاقوں کو پینے کیلئے پانی سپلائی کیا جاتا ہے جبکہ ڈیم سے بلوچستان میں حب ڈیم کے قریبی علاقوں کو زرعی مقاصد کیلئے بھی پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔