مرغی پال حضرات

مرغی پال حضرات کو مرغیوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر پر عمل کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ لائیو سٹاک نے مرغی پال حضرات کو موسم کی تبدیلی اور بہار کے آغاز کے باعث مرغیوں کومختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمداور شیڈز کی اچھی طرح صفائی سمیت اچھی قسم کے سپرے یا جراثیم کش ادویات کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تا کہ عوام کو صحت مند مرغیوں کے گوشت کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک،ڈیری ڈویلپمنٹ و پولٹری فارمنگ ڈاکٹر اشفاق احمد انجم نے کہا کہ لائیو سٹاک اینڈ پولٹری فارمرز خصوصا مرغی پال حضرات شیڈ کا درجہ حرارت 75تا 80فارن ہائٹ تک برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پلاسٹک کے پردوں سے شیڈ میں نمی کا خدشہ ہوتا ہے جس سے پرندے دم گھٹ کر مر سکتے ہیں اسلئے موٹے جینز کے پرد وں کو استعمال میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ شیڈ میں تازہ ہوا کی آمد و رفت کا مناسب انتظام ہونا چاہیے جس کی وجہ سے سانس کی بیماریوں کا امکان بہت حد تک کم ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بورا یا چاول کا چھلکا نیچے استعمال کیا جائے اور جب یہ گیلا ہو جائے توا سے فورا بدل دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں میں پرندوں کو وٹا من ای دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پرندہ مر جائے تو اسے گہرا گڑھا کھود کر زمین میں دبا دینا چاہیے اور فارم کے ارد گرد چونا بھی چھڑک دیا جائے تاکہ جراثیم پیدا ہونے کا خطرہ کم سے کم ہو سکے۔

انہوں نے شیڈول کے مطابق پرندوں کی ویکسی نیشن کروا نے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کے فیلڈ سٹاف سے مشاورت کی جا سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں