مراد سعید کی سندھ حکومت

مراد سعید کی سندھ حکومت پر تنقید ، پیسہ جعلی اکاؤنٹس کی نظر ہو جاتا ہے

اسلام آباد (عکس آن لائن ) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس میں عوامی مفاد کی بات نہیں کی، یہ لوگ اہم مسائل کو بھی سیاست کی نذر کر دیتے ہیں، جو پیسہ سندھ کو ملتا ہے، وہ جعلی اکاؤنٹس کی نذر ہو جاتا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے لیے تاریخی پیکج دیا۔ عوام کی ترقی پر سیاست نہ کی جائے۔ کراچی میں گورننس کا مسئلہ ہے، نکاسی آب کا کوئی نظام اور عوام کو بنیادی ضروریات کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے، ہم اس کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ شہر قائد کے باسیوں سے جو وعدہ کیا، اسے پورا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام موجودہ حکومت کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ خدارا اپنی کرپشن بچانے کیلئے ملکی مسائل پر سیاست نہ کریں۔ پیپلز پارٹی تو کورونا میں بھی سیاست کرتی ہے اور آخر میں کہتے ہیں کہ سیاست نہ کریں۔
وقت بدل گیا ہے، اب بلاول رٹہ نہ لگائیں بلکہ نئی پرچی کو پڑھیں۔ کراچی کی ترقی ہماری ترجیح، اب اسے کوئی نہیں روک سکتا۔
این ڈی ایم اے کوہدایت کی گئی ہے کہ سندھ میں نقصانات کا تخمینہ لگائیں۔ این ڈی ایم اے سندھ کے نقصانات کے ازالے کیلئے اقدامات کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں