موسم سرما

محکمہ زراعت کی موسم سرما کے دوران سبزیوں کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت

فیصلآباد (عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے سبزیوں کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور فیصل آباد ڈویڑن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے سبزیات کے تمام کاشتکاروں سے کہا ہے کہ وہ موسم سرما کے دوران سبزیوں کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے مٹر، بھنڈی، گوبھی، ٹماٹر، مرچ، لوبیا، چپن کدو اور دیگر سبزیوں کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام تدارکی تراکیب پر عمل یقینی بنائیں۔

محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ اکھیڑا، پھپھوند سے پھیلنے والی بیماری ہے جو سبزیوں کو بری طرح متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اکھیڑا کے حملہ سے پودوں کی جڑیں گل جاتی ہیں اور پوداا پنی عمر کے کسی بھی حصہ میں متاثر ہو سکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ اس بیماری کے بروقت انسداد کیلئے بینلٹ یا ڈائی تھین ایم 45کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہاکہ بیماری سے پاک دیسی کھاد کا استعمال اور فصل کا مناسب ہیر پھیر بھی سبزیوں کو اکھیڑا کی بیماری سے بچانے میں معاون ثابت ہو سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار اس سلسلہ میں مزید رہنمائی یا مشاورت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں