اسلام آباد (عکس آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مستونگ میں مسجد کے قریب ہونے والے میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مسجدوں ، عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا انتہائی ظالمانہ فعل ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسجدوں ، عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا انتہائی ظالمانہ فعل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی ایس پی سمیت قیمتی جانی نقصان پر دلی افسوس ہوا ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گردوں کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہوتا نہ ہی کوئی مذہب اپنے پیرو کاروں کو دہشت گردی کی اجازت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس ناسور کو جلد جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،دہشت گرد پاکستان کی ترقی سے خائف ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کی ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہوں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی ، سینیٹ میں قائد ایوان محمد اسحاق ڈار اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے۔