بابر اعوان

مارچ کو کوئی نہیں روک سکتا،حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، بابر اعوان

اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ مارچ کو کوئی نہیں روک سکتا، حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے،اداروں کو چاہیے وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوجائیں،اسلام آباد انتظامیہ امپورٹڈ حکومت کی غلامی نا کرے،مارچ ہوگا، عمران خان کے مارچ کو کوئی نہیں روک سکتا۔ڈاکٹر بابر اعوان نے انسداد دہشتگری عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 3 بہت اہم پیشرفت ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ادارے ہمیشہ کہتے ہیں کہ قوم ہمارے ساتھ ہے، قوم نے ضمنی انتخابات میں فیصلہ دے دیا کہ وہ کس کے ساتھ ہیں، 7 حلقوں میں انتخابات ہوئے عوام نے عمران خان کا ساتھ دیا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عوام نے چوروں کو مسترد کیا، گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کرم میں بھی عوام نے 8 ہزار ووٹ سے عمران خان کو جتایا، لوگ عمران خان کی جرات اور نظریے کو ووٹ دیتے ہیں، اداروں کو چاہیے وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوجائیں۔

بابر اعوان نے کہا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ کو لکھ کر این او سی جاری کرنے کی درخواست دی ہے، این او سی حاصل کرنے کے لیے انتظامیہ کے لمبے چوڑے سوالوں کے جواب دیے، اگر این او سی جاری نہ کیا گیا تو عدالت سے رجوع کریں گے۔ انکا کہنا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ امپورٹڈ حکومت کی غلامی نا کرے، حکومت نے عمران خان کی تقاریر پر پابندی لگادی ہے، انہوں نے پابندی لگا کر عمران خان کا فائدہ کیا، ٹیلی ویژن کا بلیک آٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب نکل کر لانگ مارچ میں شامل ہو رہے ہیں، کہا جاتا ہے پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں لیکن صحافی ڈاکٹر معید پیر زادہ بھی باہر چلے گئے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مارچ ہوگا، عمران خان کے مارچ کو کوئی نہیں روک سکتا، ایک پریس کانفرنس کے بعد کافی شور شرابا ہوا۔ بابر اعوان نے مزید کہا کہ تحریک پاکستان کے بعد اتنا بڑا پیدل مارچ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، اب ظلم نہیں کیا جا سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں