ہائیکورٹ

لاہورہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو ڈائریکٹرجنرل ایل ڈی اے کے تبادلے سے روک دیا

لاہور ( عکس آن لائن)لاہورہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو ڈائریکٹرجنرل ایل ڈی اے عامر احمد خان کے تبادلے سے روک دیا۔جسٹس لاہور ہائی کورٹ شاہد کریم نے ڈی جی ایل ڈی اے کو تبدیل نہ کرنے کے متعلق چیف سیکرٹری پنجاب کو احکامات جاری کر دیئے ۔ہائی کورٹ نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں پرڈی جی ایل ڈی اے ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لیے قواعد و ضوابط بنانے کے لیے انوائرمینٹل کنسلٹنٹ کی تعیناتی یقینی بنائیں۔عدالت نے کہا کہ ڈی جی ایل ڈی اے کو بار بار تبدیل کرنے سے عدالتی احکامات متاثر ہوتے ہیں اوران پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔

ایل ڈی اے کے وکیل صاحبزادہ مظفرعلی نے کہا کہ ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق ایل ڈی اے شہر کی اہم شاہراہوں کو ماڈل سڑکیں بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اورالیکٹرانک میڈیا،اہم قومی اخبارات اور سوشل میڈیا پر بھرپور مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے مکمل رپورٹ اگلی سماعت پر معزز عدالت میں جمع کروائی جائے گی۔ صاحبزادہ مظفرعلی نے کہاکہ اس کا م پر مختلف محکمہ جات مل کر کام رہے ہیں جن میں ٹیپا ، ایل ڈی اے اور دیگر محکمے شامل ہیں۔لاہور ہائی کورٹ میں ماحولیات سے متعلق کیس کی اگلی سماعت مورخہ تین فروری کو ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں