قیام پاکستان

قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ، خصوصی لوگو جاری

اسلام آ باد (نمائندہ عکس) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے پر خصوصی لوگو جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خودانحصار، فلاحی مملکت اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنائیں گے، معاشی خود انحصاری کے وژن سے پاکستان کے نوجوان حقیقی معنوں میں قوم کے معمار بنیں گے، قومی ترقی کے ثمرات پائیں گے، تعلیم، روزگار، کاروبار اور زندگی کے تمام شعبوں میں ہراول دستہ بنیں گے،قیام پاکستان کی طرح ایک اسلامی فلاحی، ترقی یافتہ اور معاشی طور پر خودمختار پاکستان کا خواب بھی سچ ہو کر رہے گا۔

بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی کی خوشیوں اور مبارک موقع پر عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان کے عنوان سے خصوصی لوگو جاری کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان سے محبت اور اس عزم کی تجدید ہے کہ ہمارے بہادر اور عظیم بزرگوں اور شہدا نے جس عزم سے پاکستان بنایا تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسی عزم کے ساتھ معاشی طور پر اسے مضبوط اور خودانحصار، فلاحی مملکت اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنائیں گے تاکہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل ہوں اور عوام کی زندگیوں میں وہ آسانیاں آئیں جن کا خواب برصغیر کے مسلمانوں نے دیکھا تھا۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ معاشی خود انحصاری کے وژن سے پاکستان کے نوجوان حقیقی معنوں میں قوم کے معمار بنیں گے، قومی ترقی کے ثمرات پائیں گے، تعلیم، روزگار، کاروبار اور زندگی کے تمام شعبوں میں ہراول دستہ بنیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو فیصلہ ساز بنائیں گے، قیام پاکستان کی طرح ایک اسلامی فلاحی، ترقی یافتہ اور معاشی طور پر خودمختار پاکستان کا خواب بھی سچ ہو کر رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں