سبسڈائزڈ کھاد

فیصل آباد’ ضلعی انتظامیہ سبسڈائزڈ کھاد مہیا کرنے میں ناکام، پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ

مکوآنہ (عکس آن لائن)فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے سبسڈائزڈ قیمتوں پر زرعی کھادوں کی دستیابی کو یقینی بنانے میں ناکامی کا شکار ہیں جس سے کاشتکار پریشان اور فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔فیصل آباد میں سرکاری قیمتوں پر زرعی کھادیں ناپید ہوگئیں جس سے کاشکار پریشانی میں مبتلا ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سبسڈائزڈ قیمتوں پر زرعی کھادوں کی فراہمی کے دعوے تو کئے گئے لیکن ان دعووں کو عملی صورت نہ مل سکی۔

مارکیٹوں میں زرعی کھاد کی بوری کی قیمت ناجائز منافع خوروں کی جانب سے 3 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے، قیمتوں میں اضافے سے کاشتکار کھاد کی مطلوبہ مقدار کا استعمال کرنے سے بھی قاصر ہے جس سے فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے سے کاشتکاروں کو نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔معاملے پر ضلعی انتظامیہ حکام کہتے ہیں کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور کاشتکاروں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گندم سمیت دیگر فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے سے آنے والے وقت میں انکی نہ صرف قلت پیدا ہو گی بلکہ ان کی قیمتوں میں بھی ہوشرباء اضافہ متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں