مکوآنہ (عکس آن لائن)محکمہ تعلیم کی طرف سے سرکاری وپرائیویٹ سکولوں میں تدریسی عمل اور سکولوں کی حالت زار کو سنوارنے کیلئے مانیٹرنگ افسران کو وزٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر ڈائریکٹر مانیٹرنگ ملک غلام فرید کی طرف سے جاری ہونیوالے احکامات میں صوبہ بھر میں ڈویژنل ڈائریکٹرز’ ایڈیشنل ڈائریکٹرز سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو کہا گیا ہے کہ سرکاری سکولوں میں نصابی وغیر نصابی سرگرمیوں اور سکولوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے ٹی او آر (TOR) جاری کرتے ہوئے ڈویژنل ڈائریکٹر اور ایڈیشنل ڈائریکٹرز کو ڈیوٹیاں تفویض کر دیں وہ ہفتہ میں مختلف سکولوں کے دو سرپرائز وزٹ کرینگے .
جس میں کم ازکم پانچ سکول جن میں دو پرائمری سکول شامل ہونگے اور وزٹ کے دوران تفصیلی رپورٹ جس میں تصاویر بھی شامل ہو گی۔ہفتہ وار جمع کروانا ہونگی اور سکول سربراہان کو خامیاں دور کرنے کے بارے میں ہدایت بھی جاری کرینگے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر (EE) جنرل فیصل آباد محمد انوار ضلع چنیوٹ’ ایڈیشنل ڈائریکٹر (EE) فیصل آباد رانا افضال ضلع جھنگ’ ڈویژنل ڈائریکٹر (EE) فیصل آباد نذر گجر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سکولز کے وزٹ کرینگے۔