لاہور (زاہد انجم سے)صوبائی دارلحکومت میں منگل کے روز ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث فیروزپور روڈ کا پانی لاہور جنرل ہسپتال کے نشیبی حصوں میں کھڑا ہو گیا، پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کی ہدایت پر ایم ایس پروفسیر ڈاکٹر ندرت سہیل، شعبہ ورکس اور عملہ صفائی کو لے کر موقع پر پہنچ گیں اور اپنی نگرانی میں بارشی پانی مختصر وقت میں نکلوا دیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بارش کے دوران علاج معالجہ متاثر نہیں ہوا۔
ڈاکٹرز اور نرسز مریضوں کی نگہداشت کیلئے 24گھنٹے الرٹ ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے ہیلتھ پروفیشنلز کی کارکردگی کو سراہا اور بروقت پانی نکالنے والے ملازمین کی تعریف اور انہیں تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا بھی اعلان کیا۔واضح رہے کہ لاہور جنرل ہسپتال سے فیروز پور روڈ کا لیول کافی اونچا ہے، جس کے باعث بارشی پانی ہسپتال کے نشیبی حصوں میں داخل ہوجاتا ہے۔