جمشید اقبال چیمہ

فضل الرحمان مدارس کے بچوں کے بل بوتے پر اپوزیشن جماعتوں سے دوبارہ مال بٹورنا چاہتے ہیں ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور(نمائندہ عکس)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان مدارس کے بچوں کے بل بوتے پر اپوزیشن جماعتوں سے رقم بٹورتے آئے ہیں اور اب اسلام آباد کی کال دے کر دوبارہ مال بٹورنا چاہتے ہیں ، پیپلز پارٹی ابھی بھگت کر واپس گئی ہے جس میں ایک بھی جیالا دیکھنے کو نہیں ملا بلکہ سارے سندھ حکومت کے وسائل سے جمع کئے ہوئے لوگ تھے ،مسلم لیگ (ن) احتجاج کرنے والی نہیں بلکہ چوری کھانے والی جماعت ہے اس لئے ہمیں ان سے کوئی خطرہ نہیں ۔

اپنے دفتر میں پارٹی رہنمائوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ نواز شریف جب کوٹ لکھپت جیل میں قید تھے تو ملاقات کے لئے جانے والے انہیں بتاتے تھے کہ ہزاروں لوگ جیل کی دیواروں کے ساتھ لگ کر رو رہے ہیں اور اگر وہ اکٹھے رو دئیے تو جیلوں کی دیواریں ان آنسو ئوں میں بہہ جائیں گی اور آپ باہر آ جائیں گے جبکہ حقیقت یہ تھی وہاں جتنے لوگ جمع ہوتے تھے ان پر بریانی کی ایک پوری دیگ بھی نہیں لگتی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حال ہی میں میلسی ،حافظ آباد ،دیر اور منڈی بہائو الدین میں جلسے کئے ہیں کیا ان جلسوں سے اپوزیشن کی بے چینی میں اضافہ نہیں ہوا؟۔ان شااللہ اسلام آباد میں مینار پاکستان کے 2011ء کے جلسے کے مقابلے میں بڑا جلسہ ہوگا جو تاریخی ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان اس لئے متحد ہیںکہ اگر سارے چور اکٹھے ہو گئے ہیں تو کیا ہمیںاپنے لیڈر کو تنہا چھوڑنا چاہیے ،جب سے وزیر اعظم روس گئے ہیں اس کے بعد سے سازش شروع ہو ئی ہے ،

وزیر اعظم عمران خان کی صورت میں ایک شخص قومی خود مختاری کی حفاظت کر رہا ہے ،74سال بعد اب ہم معاشی سماجی فیصلہ سازی کی آزادی لینے جارہے ہیں اورعملی پیشرفت کر رہے ہیں،وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم آپ کے غلام نہیں ہیں ،اپنے مفاد میں پالیسی بنائیں گے اور یہ تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے ،اس بیانیے کی وجہ سے صرف کارکنان ہی نہیں بلکہ وہ لوگ جو اپنے ملک سے پیار کرتے ہیں آزادی کے متوالے ہیں و ہ بھی ہمارے لئے نکل رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں