اسلام آباد(عکس آن لائن) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے کہا ہے کہ فضل الرحمان، تحریک لبیک وغیرہ کے لیڈر بچوں کو سیاست کیلئے استعمال کرتے ہیں،
فضل الرحمان کی تحریک کے دو بڑے مقاصد ہیں، ایک تو اپنی ذاتی سیاسی حیثیت کی بحالی دوسرا مدرسہ اصلاحات کوروکنا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مولانا فضل الرحمان کے احتجاجی مارچ کے حوالے سے کہا کہ مدارس کے بچوں کو چارے کے طور پر استعمال کرنے کی تاریخ بہت پرانی ہے، بچوں کو جہاد کے نام پر ملاں نے استعمال کیا پھر سیاست میں ان غریب بچوں کو قربانی کا بکرا بنایا گیا، فضل الرحمن، لبیک تحریک وغیرہ ایسی سیاسی جماعتیں ہیں جن کے لیڈر ان بچوں کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا اب فضل الرحمن کی تحریک کے دو بڑے مقاصد ہیں ایک تو اپنی ذاتی سیاسی حیثیت کی بحالی دوسرا مدرسہ اصلاحات کو روکنا کیونکہ ایک دفعہ مدارس ہاتھ سے نکل گئے اور یہ بچے غلامی کی زندگی سے شعور کے نظام میں داخل ہوگئے تو ان کی دکانیں مستقل طور پر بند ہو جائینگی۔