وزارت داخلہ

غیر ملکیوں کو ایلین کارڈ کے ذریعے بینک اکاونٹس کھولنے کی اجازت ہوگی،وزارت داخلہ

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزارت داخلہ نے نے تمام غیرملکیوں کو رجسٹرد کرنے کا فیصلہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کو ایلین کارڈ کے ذریعے بینک اکاونٹس کھولنے کی اجازت ہوگی، افغانستان میں کورونا کا بہت مسئلہ ہے، وہاں سنگین صورتحال ہے، طورخم بارڈر پر 4 سے 5 ہزار پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے جلد لائحہ عمل طے کریں گے، طورخم بارڈر کو ویکسینیشن کروانے کیلئے کھول رہے ہیں ، منشیات کی اسمگلنگ روکنے کےلئے بڑا اقدام کرنے جارہے ہیں، پاکستان سے بیرون ملک منشیات نہیں جاتی بلکہ وہاں سے ادھر آتی ہے،70 سال میں 50 ہزار لوگ پاکستان داخل ہوئے، پاکستان میں داخل ہونے والے 40 سے 50 ہزار افراد کا کوئی ریکارڈ نہیں، بھارت سے کوئی بات نہیں ہوگی جب تک وہ 5 اگست کے اقدامات نہیں اٹھاتے، برہان وانی کی شہادت پر کشمیر میں آج جو ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں، آزاد کشمیر میں الیکشن مہم کیلئے عمران خان جلد جائیں گے۔

جمعرات کو نیشنل فارنزک سائنس ایجنسی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ برہان وانی کی برسی پر کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا اس کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ کشمیر انتخابی مہم کے لئے عمران خان کے ہمراہ سولہ تاریخ کو کشمیر جاﺅں گا۔ کشمیر میں تحریک انصاف حکومت بنائے گی انہوں نے کہا کہ چمن کو یکم اگست سے الیکٹرانک کردیا جائے گا۔ طورخم بارڈر کو این سی او سی ایس او پیز کے مطابق جن لوگوں نے ویکسین لگوائی ہے ان کے لئے کھولا جارہا ہے۔ اسد عمر اور این سی او سی حکام کے ساتھ مل کر طورخم بارڈر پر موجود ہزاروں پاکستانیوں کے لئے کوئی راستہ نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایلین کارڈ کے ذریعے غیر ملکی شہری کاروبار شروع کرسکیں گے سم کے حصول اور بیرون ملک سفر کی اجازت ہوگی۔ اگر ان کا ویزا ختم ہوجائے تو اس کو بھی ریویو کرایا جاسکے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ نے تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جعلی افغان کارڈ بنانے والوں کو پکڑا گیا ہے اس حوالے سے بھی تحقیقات کررہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں موجود ہر غیر ملکی رجسٹرڈ ہو۔ کوئی منہ اٹھا کر ایسے ہی پاکستان میں داخل نہیں ہوسکے گا۔ پچپن ہزار لوگ ستر سال سے پاکستان میں آئے ان کا کوئی اتا پتہ نہیں۔ ہم تمام لوگوں کو رجسٹرڈ کررہے ہیں آن لائن ویزے کی تیس دن کے اندر اجازت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ذریعے پاکستانی مڈل ایسٹ جانا چاہتے تھے جو اب بھی طور خم بارڈرپر موجود ہیں۔ طور خم بارڈر پاکستانیوں کے لئے کھولا جارہا ہے۔ ویکسینیٹد شخص کو اپنے گھر جانے کی اجازت ہوگی جس کا کرونا ٹیسٹ مثبت آئے گا ان کیا کیا کرنا ہے فیصلہ این سی او سی کرے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ ٹی ایل پی کا معاملہ کابینہ میں جائے گا کابینہ اسے کالعدم قرار دیتی ہے تو وہ کالعدم ہی قرار دی جائے گی۔ ٹی ایل پی اپنا مقدمہ لڑرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول دل کا جانی ہے بلو رانی کے خلاف کوئی بات نہین سن سکتا۔ پیپلز پارٹی کشمیر میں کچھ نہیں کرسکتی کشمیر انتخابات میں عمران خان جیتے گا ہم کسی کو دھمکی نہیں دیتے سب اپنی سیاسی مہم جاری رکھیں۔ عمران خان اگلے جنرل الیکشن میں بھی جیتیں گے ہم کارکردگی کے بل بوتے پر دوبارہ اقتدار میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں منشیات کے خاتمے کے لئے بڑا کریک ڈاﺅن کرنے جارہے ہیں لوگ الزام عائد کرتے ہیں کہ پاکستان سے منشیات باہر جاتی ہے لیکن شواہد ہیں بیرون ملک سے پاکستان منشیات سمگل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی برسی پر کشمیر میں جو کچھ ہوا پاکستان حکومت اس کی مذمت کرتی ہے بھارتی وزارت خارجہ کے الزامات کی تردید کرتا ہوں پانچ اگست کا فیصلہ واپس لینے تک ہندوستان سے کوئی بات نہیں ہوسکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں